بڑودہ کے کاروباری کی دردناک کہانی

0

فاقہ کشی کے سبب 6لوگوں نے کھالیا زہر
بڑودہ :کاروبار میں ایسا نقصان ہوا کہ ایک ہی کنبہ کے 6لوگوں نے کولڈرنگ کے ساتھ زہریلی شے پی کر جان دینے کا فیصلہ کرلیا، جس کے سبب 3کی موت ہوگئی، جبکہ 3کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔ یہ معاملہ گجرات کے بڑودہ کا ہے۔ کنبہ کے سربراہ کا سب کچھ فروخت ہوچکا تھا۔ انہوں نے آخر میں پیٹ بھرنے کیلئے پہلے اپنی موٹرسائیکل اور پھربیٹی کی سائیکل تک فروخت کردی تھی۔ جب تمام امیدیں ختم ہوگئیں، تو گزشتہ روز ایک ساتھ جان دینے کا فیصلہ کرلیا۔
مہلوکین میں نریندر سونی(68)، ان کا 4سال کا پوتہ پارتھ اور 17سال کی بیٹی ریا شامل ہیں۔ نریندر کی اہلیہ دپتی، بیٹا بھاون اور بہو آروشی کو نازک حالت میں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ جو کہانی سامنے آئی ہے، اس کے مطابق نریندر سونی امیٹیشن جیولری کا کاروبار کرتے تھے۔ چند برسوں سے لگاتار نقصان ہورہا تھا تو پلاسٹک کا کاروبار شروع کردیا۔ اس میں بھی خسارہ ہوا۔ پوری پونجی لگادی۔ آخر میں لاکھوں روپے قرض بھی لئے۔ اس کا سود ادا کرنے کیلئے گھر فروخت کرنا پڑا۔ پڑوسیوں نے بتایاکہ نریندر سونی پہلے سواتی سوسائٹی میں 8نمبر مکان کے مالک تھے۔ ایک سال قبل اس نے اپنے اس مکان کو بیچ دیاتھا اور کرایے کے مکان میں رہنے لگے، جو رقم ملی تھی اس سے زیادہ سود ادا کرنے میں خرچ ہوگیا تھا۔ انہوں نے کچھ دن پہلے پڑوسیوں سے بھی قرض لیا۔ نریندر کا بیٹا بھاون کمپیوٹر ری پیئرنگ کرتا تھا، لیکن اتنی آمدنی نہیں ہوتی تھی کہ کنبہ کا گھر چلا سکے، جس کے سبب پورا گھر پریشان تھا اور فاقہ کشی کی نوبت آگئی تھی۔ اس واقعہ سے علاقے میں مایوسی چھائی ہوئی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS