یوپی میں جمعہ کی رات 10بجے سے پیرکی صبح 5بجے تک 55گھنٹوں کی پابندیاں

0

لکھنؤ: کورونا انفیکشن کے بڑھتے معاملوں سے فکرمند اترپردیش حکومت نے لاک ڈاؤن کا لفظ استعمال کئے بغیر اب ہر ہفتے جمعہ کی رات 10بجے سے پیرکی صبح 5بجے تک 55گھنٹوں کی پابندی نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس دوران ضروری خدمات کو چھوڑکرتمام کام بند رہیں گے۔
ریاست کے چیف سکریٹری راجندر کمارتیواری نے اس ضمن میں منگل کو رہنما ہدایات سبھی ضلع انتظامیہ کو جاری کئے ہیں۔اس کے مطابق اب ہر جمعہ کی رات 10بجے سے پیر کی صبح 5بجے تک پوری ریاست میں بینکوں اور دیگر ضروری خدمات کے دفاتر کو چھوڑ کر سبھی دفتر بند رہیں گےحالانکہ سبزی اور پھلوں کی منڈیاں اور دوکانیں کھلیں گی۔
ریلوے اورہوائی جہاز سے آنے والے مسافروں کو ان کی منزل تک پہنچانے کے لئے ضروری بسوں کا انتظام ریاستی حکومت کی جانب سے کیا جائےگا۔مال بردار گاڑیاں چلتی رہیں گی جب کہ سڑکوں کے کنارے پٹرول پمپ اور ڈھابے کھلیں رہیں گے۔ اس 55گھنٹے کی پابندی کے دوران صفائی مہم چلائی جائے گی۔ اس میں شامل ملازمین ان پابندیوں سے مستثنی ہوں گے۔اور ان سے متعلق دفاتر بھی کھلیں گے۔
اس مدت میں شہر اور دیہی علاقوں میں واقع صنعتی کارخانے کھلیں ریں گے جن میں جسمانی فاصلے اور دیگر متعلقہ پابندیوں پر سختی کے ساتھ عمل کیا جائے گا۔ یہاں کام کرنے والے ملازمین کا شناختی کارڈ ہے ڈیوٹی پاس مانا جائے گا۔اس دوران ایکسپریس وے،پل اورسرکاری وپرائیویٹ تعمیراتی پروجکٹ جاری رہیں گے۔
ہر ہفتے 55گھنٹے کی پابندیوں کے دوران ضلع انتظامیہ کی جانب سے شفاف پینے کے پانی اور صفائی مہم چلائی جائے گی اور لوگوں کو کورونا سمیت دیگر متعدی بیماریوں کے تئیں بیدار کیا جائے گا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS