راجستھان کے شہر کوٹہ میں مرکز کے زیر انتظام خطہ جموں و کشمیر اور لداخ کے 376طلباء اتوار کی صبح اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی گاڑیوں میں سوار ہوکر جموں وکشمیر کی طرف روانہ ہوئے۔
جموں وکشمیر حکومت نے یہ قدم والدین اور بعض ایجوکیشنل تنظیوں کی طرف سے کوٹہ میں پھنسے اپنے بچوں کے بارے میں فکر مندی ظاہر کرنے کے پیش نظر اٹھایا ہے۔
مرکزی حکومت کے ترجمان روہت کنسل نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا، 'کوٹہ سے جموں وکشمیر کے 376 طلباء کل واپس پہنچ جائیں گے، تمام انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ہے، یہ قدم جیسلمیر اور دوسری جگہوں میں پھنسے
طلباء کی وطن واپسی کے بعد اٹھایا گیا، میری اپیل ہے کہ بمہربانی صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں، حکومت تمام لوگوں کی مدد کے لئے سخت کوشاں ہے'۔
دریں اثنا لداخ یونین ٹریٹری کے صوبائی کمشنر سواگت بسواس نے کہا کہ کوٹہ راجستھان سے 57 لداخی طلباء وطن واپس آرہے ہیں۔ انہوں نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا،
'کوٹہ راجستھان سے 57 لداخی طلباء پر مشتمل پہلا قافلہ لداخ پہنچ رہا ہے، وہ آج دس بجکر پچاس منٹ پر گاڑیوں میں روانہ ہوئے، طلباء کی حفاظت کے لئے کورونا پروٹوکال پر عمل کریں گے، جموں و کشمیر حکومت کے تعاون مشکور ہیں'۔
قابل ذکر ہے کہ کوٹہ راجستھان کوچنگ سینٹروں کا مرکز مانا جاتا ہے جہاں کشمیر سے تعلق رکھنے والے کافی تعداد میں طلباء مختلف مسابقتی امتحانوں کے لئے کوچنگ
کرتے ہیں۔