پانتھ چوک سری نگر میں تصادم 3 جنگجو ہلاک، چار اہلکار زخمی

0

سری نگر: (یو این آئی) جموں وکشمیر کے گرمائی دارلخلافہ سری نگر کے پانتھ چوک علاقے میں سیکورٹی فورسز اور جنگجووں کے مابین تصادم کے دوران 3 جنگجو ہلاک ہوئے ہیں جب کہ ملی ٹینٹوں کی ابتدائی فائرنگ میں سی آر پی ایف جوان سمیت 4 اہلکار زخمی ہوئے ہیں ۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ ایک مشتبہ شخص کو پکڑنے کی خاطر سیکورٹی فورسز نے جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب کو سری نگر کے مضافاتی علاقے گومندر پانتھ چوک کو محاصرے لے کر جونہی رہائشی مکان کے اندر جانے کی کوشش کی تو وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی جس کے نتیجے میں تین پولیس اور ایک سی آر پی ایف اہلکار سمیت چار جوان زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حفاظتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا اور اس طرح سے طرفین کے مابین جھڑپ شروع ہوئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق کچھ عرصہ تک جاری رہنے والی اس جھڑپ میں تین جنگجو مارے گئے ۔ تصادم کی جگہ مہلوک ملی ٹینٹوں کی نعشیں برآمد کرکے اُن کی شناخت اور تنظیمی وابستگی کے بارے میں جانچ پڑتال شروع کی گئی ہے۔
علاوہ ازیں آئی جی کشمیر وجے کمار نے تین جنگجووں کو مار گرانے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تصادم کی جگہ قابل اعتراض مواد اور اسلحہ وگولہ بارود برآمد کرکے ضبط کیا گیا ہے۔
دریں اثنا پولیس نے عوام سے پر زور اپیل کی ہے کہ وہ جائے تصادم پر جانے سے تب تک گریز کیا کریں جب تک اسے پوری طرح سے صاف قرار نہ دیا جائے کیونکہ پولیس اور دیگر سلامتی ادارے لوگوں کے جان و مال کی محافظ ہے لہذا لوگوں کی قیمتی جانوں کو بچانے کیلئے پولیس ہر ممکن کوشش کرتی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS