مصر کی رفاح کراسنگ سے امدادی سامان کے 20 ٹرک غزہ میں داخل نہ ہوسکے

0

قاہرہ، (یو این آئی)مصر کی رفاح کراسنگ سے غزہ جانے والی امداد میں تعطل آگیا،گزشتہ روز امدادی سامان کے 20 ٹرک غزہ میں داخل نہیں ہوسکے۔
برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق آج دیر گئے عارضی جنگ بندی کے بعد امدادی سامان کے 8 ٹرک مصر کی رفاح کراسنگ سے غزہ کیلئے روانہ کیے گئے ہیں۔
اس سے قبل اقوام متحدہ کے سیکرٹری انتونیو گوتریس نے سکیورٹی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ حماس حملوں کو فلسطینیوں کو اجتماعی سزا دینے کا جواز نہیں بنایا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ غزہ میں بھیجی جانے والی امداد ضروریات کے سمندر میں ایک قطرے کے برابر ہے، امداد پابندیوں کے بغیر بھیجی جانی چاہیے، شہریوں کی حفاظت اور احترام کے بنیادی اصولوں سے اس کا آغاز کیا جائے۔
انتونیو گوتریس نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ حماس کے حملے خلا میں نہیں ہوئے، فلسطینیوں کو 56 سال حبس زدہ قبضے کا شکار بنایا گیا۔
اقوام متحدہ سلامتی کی کونسل کے مشرق وسطیٰ پر ہونے والے سہ ماہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ غزہ میں بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزیوں پر گہری تشویش ہے، ایسے نازک لمحات میں اصولوں کا واضح ہونا ضروری ہے۔
خیال رہے کہ غزہ میں تازہ پانی نایاب ہوگیا ہے جس کے باعث فلسطینی شہری گندا پانی پینے پر مجبور ہوگئے ہیں۔
امریکی ٹی وی چینل کے مطابق گندا پانی پینے سے غزہ کے فلسطینیوں میں بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے جبکہ اسرائیل نے غزہ کیلئے پانی کی تین میں سے دو واٹر لائنیں بند کر رکھی ہیں۔
اسرائیل کی جانب سے فلسطینیون کیلئے پانی سپلائی کی جو لائن کھلی رکھی گئی ہے وہ بھی کم مقدار میں پانی فراہم کر رہی ہے، بجلی نہ ہونے سے غزہ کا پانی نہ صاف ہو رہا ہے، نہ پمپ کیا جا رہا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS