جموں کشمیر میں کووڈ-19 سے متاثر دو افراد کی موت، خطے میں کل 23اموات

    0

    جموں سے تعلق رکھنے والے ایک وکیل اور جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کی ایک خاتون کی موت کے بعد کورونا ٹیسٹ مثبت آنے سے جموں و کشمیر خطے میں اس وائرس سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 23 ہوگئی ہے۔ ان ہلاکتوں کے بعد لوگوں میں ایک دہشت کا ماحول بھی دیکھنے کو مل رہا ہے۔
    آچاریہ شری چندر کالج آف میڈیکل سائنسز سدھرا جموں کے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر رویندر رتن پال نے ایک مقامی خبر رساں ادرے کو بتایا کہ ترکوٹہ نگر جموں سے تعلق رکھنے والے 63 سالہ وکیل کی اسپتال میں موت کے بعد کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ متوفی وکیل کے نمونے چند دن قبل لئے گئے تھے اور اتوار کی شام دیر گئے ان کی ٹیسٹ رپورٹ مثبت آئی۔
    جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے بوگام سے تعلق رکھنے والی ایک 65 سالہ خاتون کی کورونا سے موت واقع ہوئی ہے۔ گورنمنٹ میڈیکل کالج سری نگر میں کووڈ 19 کے نوڈل افسر ڈاکٹر سلیم خان نے بتایا کہ بوگام کولگام سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کو شری مہاراجہ ہری سنگھ اسپتال سری نگر میں 22 مئی کو داخل کیا گیا تھا جہاں اس کی اگلے روز موت واقع ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ متوفی خاتون کے کورونا ٹیسٹ کے لئے نمونے لئے گئے تھے اور اس کی لاش کو جی ایم سی کے لاش گھر میں رکھا گیا تھا۔ موصوف ڈاکٹر نے بتایا کہ متوفی خاتون کا کورونا ٹیسٹ پیر کے روز مثبت آیا۔
    ترکوٹہ نگر جموں اور کولگام کشمیر سے تعلق رکھنے والے ان دو افراد کی موت کے ساتھ جموں و کشمیر میں کورونا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 23 ہوگئی ہے۔ جن میں سے 20 کا تعلق کشمیر سے ہے جبکہ 3 جموں کے رہنے والے ہیں۔ وادی میں کورونا سے اب تک ضلع سری نگر میں سب سے زیادہ اموات واقع ہوئی ہیں جہاں 6 افراد اس جان لیوا وائرس کی وجہ سے ہلاک ہوئے ہیں۔ ضلع اننت ناگ اور بارہمولہ میں چار جبکہ کولگام میں تین، بڈگام میں دو اور بانڈی پورہ میں ایک مریض کی کورونا سے موت واقع ہوئی ہے۔

     

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS