جموں وکشمیر سے12ہزار فوجیوں کی ہوگی واپسی

    0

    سرینگر: مرکزی وزارت داخلہ نے گزشتہ ایک سال میں وادی کشمیر میں تعینات نیم فوجی دستوں کی 10کمپنیاں واپس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ جموں وکشمیر میں آرٹیکل 370 کے خاتمہ سے قبل لگائی گئی ان تمام کمپنیوں کو اب حالات کا جائزہ لینے کے بعد ہٹانے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔ وزارت داخلہ کے اس فیصلے کو وادی میں اعتماد کی بحالی کے لئے ایک بڑے قدم کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔ اس کے تحت تقریباً 12ہزار جوانوں کو واپس بلایا جائے گا۔
     وادی کشمیر میں آرٹیکل 370 کے خاتمہ سے قبل 30ہزار اضافی سی آر پی ایف کے جوانوں کی تعیناتی کی گئی تھی۔ اس کے علاوہ بی ایس ایف، مسلح افواج اور سینٹرل انڈسٹریل سیکورٹی فورسز کے جوانوں کو بھی یہاں بڑی تعداد میں تعینات کیاگیا تھا۔ ان جوانوں کی تعیناتی کے ساتھ ہی وادی میں حالات کا وقتاً فوقتاً جائزہ بھی لیا جارہا تھا۔ حال ہی میں امرناتھ یاترا کے پیش نظر ان جوانوں کو سیکورٹی ڈیوٹی میں بھی لگانے کا فیصلہ ہوا تھا، لیکن یاترا کے ملتوی ہونے کے بعد انہیں پھر سے داخلی سیکورٹی کے لئے لگادیاگیا تھا۔ اب مرکزی وزارت داخلہ نے جموں وکشمیر میں تعینات سیکورٹی ایجنسیوں کے افسران اور خفیہ محکموں کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کرنے کے بعد اضافی سیکورٹی فورسز کو وادی سے واپس لینے کو منظوری دی۔وزارت کے حکم کے بعد اب کل 100کمپنی نیم فوجی دستوں کو وادی سے واپس بلایا جائے گا۔ ان سبھی کو اب الگ الگ حصوں میں تعینات کیا جاسکتا ہے۔ مانا جارہا ہے کہ آنے والے وقت میں ہونے والے بہار کے انتخابات کے لئے بھی مناسب تعداد میں سیکورٹی فورسز کا انتظام کرنے کے لئے کچھ جوانوں کو یہاں بھیجا جاسکتا ہے۔ دوسری طرف جموں وکشمیر سے سیکورٹی فورسز کی واپسی کے فیصلے کو ایک بڑے پیغام کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔ ایک طرف جہاں جموں وکشمیر میں حال ہی میں سیاسی تقرری کے طور پر منوج سنہا کو لیفٹیننٹ گورنر بنایاگیاہے، وہیں دوسری طرف مرکزی سرکار ریاست میں حالات کے معمول پر ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے سیاسی سرگرمیوں کی بحالی کرانے کی کوشش کررہی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ سیکورٹی فورسز کی واپسی کا فیصلہ کرکے مرکز نے یہ دکھانے کی کوشش کی ہے کہ جموں وکشمیر میں اب کسی طرح کی کشیدگی نہیں ہے اور حالات معمول پر ہونے کے سبب اضافی جوانوں کی ضرورت نہیں ہے۔
     

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS