اڑیشہ کے 15اضلاع سے 24گھنٹوں میں کورونا وائرس’کووڈ-19‘کے 108نئے معاملے آنے کے بعد متاثرین کی تعداد بڑھ کر4163 ہوگئی ہے۔
محکمہ صحت اور خاندانی بہبود کے ذرائع نے بتایا کہ 108 نئے معاملوں میں 95 قرنطینہ مراکز کے ہیں اور باقی 13 مقامی ہیں۔
اس درمیان اڑیشہ فائر سروس کے مزید 16 اہلکار کورونا وائرس سے متاثر پائے گئے ہیں۔ابھی تک مغربی بنگال کے گردابی طوفان سے متاثرہ علاقوں سے ڈیوٹی کر کے واپس آئے نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف)اور اڑیشہ ڈیزاسٹر ریپڈ ٹاسک فورس (او ڈی آر اے ایف) کے 174 جوان کورونا متاثر پائے گئے ہیں۔
اس درمیان ریاستی حکومت نے دیہی اور شہری علاقوں کی جھگی جھوپڑی کے ہر ایک گھر میں جاکر سروے مہم شروع کی ہے تاکہ کورونا وائرس انفکشن کی علامات والے لوگوں کی جلد از جلد صحت جانچ ہو سکے۔
ریاست میں 15جون کی نصف شب تک 205501 افراد کی کورونا جانچ ہوچکی ہے جس میں 4163 مثبت پائے گئے ہیں اور ان میں سے 2854 مریضوں کو شفایاب ہونے کے بعد اسپتال سے رخصت کردیا گیا ہے۔