محکمہ سیری کلچر کے عارضی ملازموں کا سری نگر میں احتجاج

0

سری نگر: محکمہ سیری کلچر کے عارضی ملازموں نے پیر کے روز یہاں پریس کالونی میں اپنے مطالبات کو لے کر احتجاج درج کیا۔
احتجاجی ’تانا شاہی نہیں چلے گی‘،’ہماری مانگیں پوری کرو‘وغیرہ نعرے لگا رہے تھے۔
اس موقع پر آل جموں کشمیر کیجول لیبررس یونائیٹڈ فرنٹ کے نائب صدر غلام محی الدین شیخ نے میڈیا کو بتایا کہ ہمیں سال بھر کام کرنے کے باوجود بھی تنخواہیں واگذار نہیں کی جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا: ’جو تین کروڑ روپیوں کا بجٹ آتا ہے معلوم ہی نہیں ہے کہ وہ کہاں جاتا ہے یہ بھی وجہ ہے ہمارے ملازمین گذشتہ سات ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں‘۔
موصوف نے ناظم سیری کلچر پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ ان کو دھمکیاں دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا: ’ہم نے جب ڈائریکٹر صاحب سے یہ بات معلوم کرنے کی کوشش کی تو انہوں نے ہمیں دھمکی دی لیکن ہم ڈرنے والے نہیں ہیں اور نہ ہی ہماری آواز کو دبایا جا سکتا ہے‘۔
موصوف نے کہا کہ اس محکمے کو عارضی ملازمین ہی چلا رہے ہیں لیکن افسران اپنے ذاتی مقاصد کے لئے انہیں ستا رہے ہیں۔
انہوں نے کمشنر سکریٹری سے اس سلسلے میں ایک کمیٹی تشکیل دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہمارے مطالبات کو پورا نہیں کیا گیا تو ہم کام چھوڑ ہڑتال شروع کریں گے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS