کشمیر:پلوامہ میں تصادم، ایک جنگجو اور ایک فوجی جوان ہلاک

    0

    جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں بدھ کی علی الصبح ہونے والے ایک مختصر مسلح تصادم میں ایک جنگجو مارا گیا ہے۔
    مسلح تصادم کے دوران جنگجوئوں کی ابتدائی فائرنگ سے ایک فوجی جوان ہلاک جبکہ دوسرا ایک زخمی ہوگیا ہے۔
    سری نگر میں قائم فوج کی پندرہویں کور کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر ضلع پلوامہ کے کامرازی پورہ میں ایک جنگجو اور ایک فوجی جوان کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔
    فوج کے ایک ٹویٹ میں کہا گیا: 'آپریشن کامرازی پورہ اپڈیٹ۔ ایک دہشت گرد مارا گیا۔ ایک اے کے رائفل، کچھ گرینیڈس، پائوچس اور دیگر جنگی ساز و سامان برآمد کیا گیا ہے۔ ایک فوجی نے دوران ڈیوٹی اپنی قربانی پیش کی۔ تلاشی آپریشن جاری ہے'۔
    سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع پلوامہ کے کامرازی پورہ میں جنگجوئوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر جموں و کشمیر پولیس، فوج کی 53 آر آر اور سی آر پی ایف نے مذکورہ علاقے میں گذشتہ رات دیر گئے سرچ آپریشن شروع کیا۔
    انہوں نے کہا کہ ایک مشتبہ جگہ کو محاصرے میں لینے کے دوران وہاں موجود جنگجوئوں نے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں فوج کا ایک اہلکار ہلاک جبکہ دوسرا ایک زخمی ہوگیا۔
    زخمی فوجی کو علاج و معالجہ کے لئے سری نگر کی بادامی باغ فوجی چھاونی میں واقع 92 بیس ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
    سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں ایک جنگجو مارا گیا ہے جس کی لاش بدھ کی صبح مسلح تصادم کی جگہ سے برآمد کی گئی۔
    انہوں نے مزید کہا کہ علاقے میں تلاشی آپریشن جاری ہے۔
    اس دوران فوجی ترجمان نے بتایا کہ یہ جنگجو مخالف آپریشن جموں و کشمیر پولیس کو ملنے والی خفیہ اطلاعات کی بنا پر شروع کیا گیا تھا۔

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS