Image: World Sports Tale

میلبورن: 23 مرتبہ کی گرینڈ سلیم فاتح امریکہ کی سیرینا ویلیمس اور یو ایس اوپن فاتح جاپان کی ناومی اوساکا نے آج سخت مقابلے میں جیت حاصل کرتے ہوئے سال کے پہلے گرینڈ سلیم آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے کوارٹرفائنل میں داخلہ حاصل کرلیا جبکہ تیسری سیڈ آسٹریلیا کے ڈومنک تھیئم چوتھے راونڈ کا مقابلہ ہار کر باہر ہوگئے ۔
اپنے 24 ویں گرینڈ سلیم خطاب کی تلاش میں مصروف 10 ویں سیڈ سرینا نے ساتویں سیڈ بیلاروس کی ارینا سبالینکا کو دو گھنٹے نو منٹ میں 6-4 ، 2-6 ، 6-4 سے شکست دی۔ سرینا نے فیصلہ کن سیٹ میں بریک حاصل کرتے ہوئے تین۔ایک کی برتری حاصل کی۔ سبالینکا نے بھی بریک حاصل کیا اور پھر اسکور 4-4 سے برابر رہا۔ سرینا نے اپنی سروس برقرار رکھتے ہوئے پانچ۔چار کی برتری حاصل کی۔ 10 ویں گیم میں سبالنکا دباؤ میں ڈبل فالٹ کرکے اپنی سروس گنوا بیٹھیں اور میچ بھی ہار گئیں۔
یو ایس اوپن چیمپیئن اور تیسری سیڈ اوساکا نے دو میچ پوائنٹ بچانے کے بعد ، 14 ویں سیڈ اسپین کی گاربائن مگروزا کو 4-6 ، 6-4 ، 7-5 سے شکست دے کر آخری آٹھ میں جگہ بنالی ۔ اوساکا نے یہ مقابلہ ایک گھنٹہ 55 منٹ میں جیت لیا۔ مگروزا کے پاس میچ جیتنے کا سنہری موقع تھا لیکن انہوں نے اسے گنوا دیا ۔اوساکا کا کوارٹرفائنل میں تائیوان کی 35 سال کی کھلاڑی سوویئی سے مقابلہ ہوگا جو پہلی مرتبہ کسی گرینڈ سلیم کے کوارٹرفائنل میں پہنچی ہیں۔ سووئی نے چیک جمہوریہ کی مارکیٹا ووندروسووا کوصرف 68 منٹ میں 6-4 6-2 سے ہرا دیا۔مردوں کے زمرے کے ایک بڑے الٹ پھیر میں ، تیسری سیڈ تھیم کو 18 ویں سیڈ بلغاریہ کے گریگور دیمیتروف نے دو گھنٹے اور ایک منٹ میں 6-4، 6-4، 6-0 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔ دیمیتروف کا اگلا مقابلہ روسی کوالیفائر اسلن کاراتسیف سے ہوگا۔ اپنے پہلے گرینڈ سلیم میں ، 27 سالہ کاراتسیف نے 20 ویں سیڈ کینیڈا کے فیلکس اوجر الیاسیم کو تین گھنٹے 25 منٹ تک چلے پانچ سیٹ کے مقابلے میں 3-6 ، 1-6 ، 6-3 ، 6-3، 6-4 سے شکست دی۔