پرینکا گاندھی نے گنگا میں لگائی عقیدت کی ڈبکی

0
Image:buzinessbytes

پریاگ راج: کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا آج مونی آماوسیا تہوار پر بیٹی میرایا اور اس کی سہیلی کے ساتھ سنگم شہر پریاگراج پہنچ گئیں۔ انہوںنے سنگم پر عقیدت کی ڈبکی لگائی۔ پرینکا کو گنگا میں کشتی چلاتے ہوئے بھی دیکھا گیا ۔ اس دوران ان کی سیکوریٹی کا خیال رکھا گیا ۔پرینکا پہلے نہرو گاندھی خاندان کے آبائی گھر آنند بھون گئیں۔ یہاں انہوں نے اپنے پردادا اور سابق وزیر اعظم جواہر لال نہرو کے اسمرتی استھل پر خراج عقیدت پیش کیا۔ یہ وہی جگہ ہے جہاں سنگم میں وسرجن سے قبل نہرو کی استھیاں رکھی گئی تھیں۔ پرینکا نے آنند بھون واقع یتیم خانے میں بچوں کے ساتھ کچھ وقت گزارا۔ اس دوران وہ ایک بچی کو گود میںلئے ہوئے نظر آئیں۔ پرینکا کے دورے پر پریاگراج کے آئی جی کے پی سنگھ نے کہا کہ ہم مونی آماوسیا پر کسی کو بھی وی آئی پی ٹریٹ نہیں دیں گے۔ یہاں کوئی پروٹوکول نہیں ہے ، وہ عام آدمی کی طرح آسکتی ہیں اور رسم میں حصہ لے سکتی ہیں۔
سنگم میں اسنان کے بعد پرینکا گاندھی منکامیشور مندر پہنچیں۔ یہاں شنکراچاریہ سوامی سووروپانند سرسوتی سے ملاقات کی ۔ شنکراچاریہ نے انہیں پرساد ، شال اور جیوترمٹھ کی ایک کتاب پیش کی۔ملاقات کے بعد پرینکا نے میڈیا نمائندوں سے بات چیت میں بتایا۔ آج یہاں آکر بہت خوشی ہوئی کیونکہ شنکراچاریہ جی کا میرے کنبے کے ساتھ پرانارشتہ ہے ۔ میں ہمیشہ ان سے ربط میں رہتی ہوں اور آج ان سے مل کر بے حد خوشی ہوئی۔ اس سے قبل 9 فروری کو پرینکا سہارنپور گئی تھیں۔ وہاں انہوں نے کالا کرتا، بھگوا گمچھا اور پیشانی پر تلک کے ساتھ پنچایت سے خطاب کیاتھا۔ سہارنپور میں پرینکا نے شانک بھری دیوی مندر میں پوجا کی ، پھر ایک درگاہ پر گئیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS