ٹی- 20سریز پر بھی پاکستان کا قبضہ

0

حارث رؤف اور عثمان قادر کی خطرناک گیندبازی کے بعد کپتان بابر اعظم (51) اور حیدر علی (ناٹ آؤٹ 66 رنز )کی شاندار بلے بازی کی بدولت پاکستان نے زمبابوے کو دوسرے ٹی -ٹوینٹی میچ میں 8 وکٹوں سے ہرا کر سیریز اپنے نام کرلی ہے ۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی جس نے مقررہ 20 اوور میں سات وکٹ پر 134 رنز بنائے جواب میں پاکستان نے 15.1 اوور میں دو وکٹ کے نقصان پر 137 رنز بناکر میچ جیت لیا ۔135 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز اچھا نہ رہا اور فخر زمان صرف 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ۔حیدر علی اور بابراعظم نے دوسری وکٹ کے لیے 100 رنز کی شراکت قائم کی اور اس دوران دونوں نے اپنی اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں،بابر 51 رنز بنا کر موزاربانی کا شکار بنے ۔بابر نے 28 گیندوں کا سامنا کیا اور 8چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 51 رنز بنائے جبکہ حیدر علی 43 گیندوں میں 6 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 66 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ زمبابوے نے اننگز کا آغاز کیا تو حارث رؤف نے میچ کے دوسرے ہی اوور میں برینڈن ٹیلر کو پویلین بھیجا۔کپتان چبھابھا اور سین ولیمز نے دوسری وکٹ کے لیے 25رنز جوڑ کر اسکور کو 30 تک پہنچایا ہی تھا کہ زمبابوے کے کپتان بھی حارث رؤف کے ہاتھوں پویلین لوٹ گئے ۔زمبابوے ٹیم سے ابھی یہ جھٹکا بھی برداشت نہ ہوا تھا کہ فہیم اشرف نے سین ولیمز کی وکٹیں بکھیر دیں۔مہمان ٹیم کا اسکور 65 تک پہنچا تو دوسرا ٹی ٹوینٹی کھیلنے والے عثمان قادر نے اپنے ایک ہی اوور میں سکندر رضا اور گزشتہ میچ میں 70 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے والے مادھوویرے کو پویلین چلتا کیا ،ایلٹن چگمبورا 18 رنز بنا کر عثمان قادر کا تیسرا شکار بنے ۔تریپانو اور ریان برل نے ٹیم کا اسکور 120 رنز تک پہنچایا جس کے بعد تریپانو 15 رنز بنا کر حارث رؤف کا تیسرا شکار بنے ۔ ریان برل نے ذمہ داری نبھاتے ہوئے 32 رنز بنائے اور ٹیم کو قدرے بہتر ہدف دینے میں مدد کی۔ زمبابوے نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنائے ۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف اور عثمان قادر نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے سیریز کے دوسرے ٹی ٹونٹی میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

بابر کے رواں سال ٹی- 20میںایک ہزاررن مکمل

 پاکستان کے وائٹ بال کپتان بابراعظم رواں سال 20-20کرکٹ میں 1000 رنز اسکور کرنے والے پہلے بلے باز بن گئے ہیں۔ بابر اعظم نے زمبابوے کے خلاف پہلے ٹی ٹوینٹی کے دوران رواں سال 20-20 فارمیٹ میں اپنے 1000 رنز مکمل کیے ، بابر اعظم رواں سال اب تک 26 اننگز میں 52.73 کی اوسط سے 1002 رنز بنا چکے ہیں، انہوں نے یہ رنز 135.04 کے اسٹرائیک ریٹ سے اسکور کیے ہیں۔اس فہرست میں دوسرا نمبر ہندستان کے لوکیش راہل کا ہے جنہوں نے رواں سال اب تک 21 اننگز میں 55.16 کی اوسط اور 134 کے اسٹرائیک ریٹ سے 993 رنز بنا رکھے ہیں۔ آسٹریلوی آل راؤنڈر مارکس اسٹوئنس رواں سال اب تک 31 اننگز میں 39.50 کی اوسط اور 142.77 کے اسٹرائیک ریٹ سے 948 رنز اسکور کرچکے ہیں۔ انگلش اوپننگ بلے باز ایلکس ہیلز رواں سال اب تک 28 اننگز میں 34.42 کی اوسط اور 152.73 کے اسٹرائیک ریٹ سے 895 رنز بنا چکے ہیں۔پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک رواں سال اب تک 39.40 کی اوسط اور 134.93 کے اسٹرائیک ریٹ سے 788 رنز اسکور کرچکے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS