راجستھان: کوٹہ میں پھنسے طلبا کو لانے کے لئے آگرہ سے جائیں گی 200 بسیں 

0

نئی دہلی: کورونا وائرس کے پیش نظر ملک بھر میں جاری لاک ڈاؤن کے درمیان، سب سے بڑا مسئلہ گھروں سے دور رہنے
والے لوگوں کے لئے آیا ہے۔ مہاجر مزدوروں کے ساتھ ساتھ طلباء کی حالت بھی خراب ہوتی جارہی ہے۔ اترپردیش اور
بہار کے ہزاروں طلباء راجستھان کے کوٹہ میں پھنسے ہوئے ہیں۔ میڈیا میں یہ خبر آنے کے بعد طلباء کو لے کراب اتر پردیش
حکومت ایکٹیو ہو گئی ہے۔ حکومت نے طلبا کو ان کی ریاست میں واپس لانے کا منصوبہ بنایا ہے۔ حکومت نے فیصلہ کیا ہے
کہ کوٹہ میں پھنسے ہوئے طلبا کو واپس لانے کے لئے 200 بسیں آگرہ سے جائیں گی۔ آگرہ کے ایک سینئر عہدیدار نے
بتایا کہ یہ بسیں کوٹہ میں پھنسے ہوئے بچوں کو واپس لانے کے لئے بھیجی جارہی ہیں۔ ہم کھانے پینے کی اشیاء ، پانی کی
بوتلیں ، ماسک اور سینیٹائزر بھی بھیجے جارہے ہیں۔ ہر بس میں صرف 25 بچے ہی بھیجے جائیں گے، اور جھانسی سے
بھی کچھ بسیں بھیجی جائیں گی۔ تقریباً 30 لاکھ کی آبادی والا کوٹہ شہر میڈیکل اور انجینئرنگ میں داخلہ لینے کی تیاری
کرنے والے اداروں کا مضبوط گڑھ سمجھا جاتا ہے جہاں ہر سال طلبہ کی ایک بڑی تعداد تیاری کے لیے آتی ہے۔ راجستھان
کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے کہا کہ دیگر ریاستوں کو بھی اپنے طلبا کو واپس لانے کے انتظامات کرنے چاہیے۔ ہندوستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آنے کے تقریبا دو ماہ بعد حکومت نے 24 مارچ کو اچانک لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا۔ جس سے لاکھوں کارکنان میں خوف و ہراس پھیل گیا اور ان میں سے ایک بڑی تعداد نے اپنے گھروں کو جانا  شروع کردیا تھا۔ کتنے ہی لوگ تو سیکڑوں کلومیٹر پیدل ہی سفر طے کرنے کے لئے نکل چکے تھے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS