ویکسین کی فراہمی پرحکومت اور سیرم انسٹی ٹیوٹ معاہدے پر دستخط ہونے کی امید

0

نئی دہلی: مرکزی حکومت کورونا وائرس (کووڈ- 19) کے خلاف ملک بھر میں ٹیکہ کاری مہم کے لئے آئندہ چند دنوں میں پونے میں واقع ویکسین تیار کرنے والی سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا (ایس آئی آئی) کے ساتھ کورونا ویکسین 'کوویشیلڈ' کی فراہمی کے واسطے معاہدے پر دستخط کرسکتی ہے۔ 
کورونا ویکسین'کوویشیلڈ' کو  آکسفورڈ یونیورسٹی اور دوا ساز کمپنی آسٹرا زینیکا کے ذریعہ تیار کیا گیا ہےاور سیرم انسٹی ٹیوٹ نے ہندوستان میں اس کے فیز II اور فیز III کے انسانی تجربے کیےہیں۔ سیرم انسٹی ٹیوٹ آسٹر زینیکا کے ساتھ ٹکنالوجی کی منتقلی کے سمجھوتے کے ساتھ ہندوستان میں بھی کوویشیلڈ کی خوراک تیار کررہی ہے۔
مرکزی حکومت نے کہا ہے کہ ٹیکہ کاری مہم کے پہلے مرحلے میں ایک کروڑ  طبی عملہ اور  کورونا وائرس کے خلاف جنگ کی پہلی صف میں کھڑے دو کروڑ افراد کو مفت ٹیکہ فراہم کرایا جائے گا۔ کنٹرولر جنرل آف ڈرگس (ڈی سی جی آئی) نے اتوار کے روز کویشیلڈ اور بھارت بائیوٹیک  و انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) کے اشتراک سے تیار کی گئی دیسی ویکسین 'کوویکسین'  کے ہنگامی استعمال کو مشروط منظوری دے دی ہے۔ مرکزی حکومت نے فی الحال ٹیکہ کاری مہم کے لئے کسی بھی کمپنی کے ساتھ ویکسین کی فراہمی کے معاہدے پر دستخط نہیں کیے ہیں۔
معتبر ذرائع کے مطابق  امکان ہے کہ مرکزی حکومت اور ایس آئی آئی کے درمیان رواں ہفتے کورونا ویکسین کی فراہمی  کے لیے  معاہدہ ہوجائے گا۔ مرکزی حکومت نے ابھی تک فیصلہ نہیں کیا ہے کہ ویکسین کی خوراک کس کمپنی سے لی جائے گی۔
ایس آئی آئی کا کہنا ہے کہ وہ  مرکزی حکومت سپلائی کی جانے والی کل ویکسین کی پہلی 10  کروڑ خوراکیں 200 روپے فی خوراک کی خصوصی قیمت پرفروخت کرے گی۔ کمپنی کھلی منڈی میں ویکسین کی قیمت فی خوراک ایک ہزار روپے تک طے کرنے کا ارادہ رکھتی ہے،لیکن اس کو اس کے لئے پہلے  حکومت سے منظوری حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔
اسی طرح  ایس آئی آئی کو  ویکسین کی برآمدات کے لئے بھی سرکاری احکامات کی ضرورت ہوگی۔ ہندوستان میں ویکسین کی دستیابی کو یقینی بنانے کے بعد ہی حکومت  ایس آئی آئی کو یہ ویکسین برآمد کرنے کی اجازت دے گی۔
دریں اثناء حکومت نے بھارت بائیوٹیک اور ایس آئی آئی دونوں کو بڑی تعداد میں کورونا ویکسین کی خوراک تیار کرنے کی ہدایت دی ہے، تاکہ وہ آرڈر ملتے ہی  اس کی فوری فراہمی کو یقینی بناسکیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS