میونسپل کارپوریشن کے پانچ وارڈوں کے ضمنی الیکشن دہلی کا مستقبل طے کرے گا: گوپال رائے

0
Image:Business Standard

نئی دہلی: عام آدمی پارٹی کے سینیئر رہنما اور کابینی وزیر گوپال رائے نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن کی پانچ سیٹوں پر ہونے والے ضمنی الیکشن اگلے پانچ سال کے لیے دہلی کا مستقبل طے کرنے اور 15 برسوں سے برسراقتدار بی جے پی کی بدعنوان حکومت کو اکھاڑ پھینکنے کا سیمی فائنل ہے۔
مسٹر رائے نے میونسپل کارپوریشن کے ضمنی الیکشن کے پیش نظر سیلم پور اسمبلی کے چوہان بانگر وارڈ میں بوتھ کارکن کانفرنس سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایم سی ڈی کے پانچ وارڈوں میں ہونے والے یہ ضمنی انتخابات اگلے پانچ سال کے لیے دہلی کا مستقبل طے کرنے کے مترادف ہیں۔ یہ محض پانچ وارڈ کا الیکشن نہیں بلکہ ایم سی ڈی میں 15 سال سے بر سر اقتدار بی جے پی کی بدعوان حکومت کو اکھاڑ پھینکنے کا سیمی فائنل ہے۔ دہلی اسمبلی انتخابات کے دوران بی جے پی نے نفرت کی سیاست کی لیکن عوام نے اروند کیجریوال کی قیادت میں پھر سے’اے اے پی‘کی حکومت بنوائی۔ عام آدمی پارٹی دہلی اسمبلی الیکشن کی طرح ہی میونسپل کے ضمنی الیکشن میں بھی بی جے پی کی ضمانت ضبط کروائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ضمنی الیکشن کانگریس سے نہیں بلکہ بی جے پی سے مقابلہ کرنے کے لیے ہے۔ کانگریس کے جیتنے سے کوئی فرق نہیں پڑتا لیکن کیجریوال کے ہارنے سے فرق پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ دہلی کے سیلم پور میں عوام نے ہمیشہ صرف کانگریس کو ووٹ دیا لیکن انھیں کچھ نہیں ملا۔ سیلم پور میں جو 25 سال میں کام نہیں ہوا تھا وہ کام عام آدمی پارٹی کی حکومت نے پانچ سال میں مکمل کیا۔ دہلی کے اسکول، اور اسپتال اچھے کرنے کا سہرا مسٹر کیجریوال کو جاتا ہے۔
دہلی میونسپل کارپوریشن کی پانچ سیٹوں پر ہونے والے ضمنی الیکشن کے لیے 28 فروری کو ووٹنگ ہوگی۔ اس میں شمالی دہلی میونسپل کارپوریشن کی دو اور مشرقی دہلی میونسپل کارپوریشن کی تین سیٹوں پر ضمنی الیکشن ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS